بھٹکل،19؍اکتوبر (ایس او نیوز) منڈلّی میں واقع مشہور درگا پرمیشوری مندر کی’ گربھ گڈی ‘سے دیوی کو پہنائے جانے والے 40 لاکھ روپے سے بھی زائد مالیت کے زیورات غائب ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مختلف قسم کے یہ تمام زیورات بھکتوں کی طرف سے دیوی کو نذرانے کی شکل میں عطیہ کیے گئے تھے۔ مندر کے رواج کے مطابق کسی بھی مذہبی تہوار کے موقع پر یہ زیورات دیوی کو پہنائے جاتے تھے اور پھر اس کے بعد اس کو اُتار کر صندوق میں محفوظ رکھا جاتا تھا۔ اس لیے جب مندرکا چیف پجاری ناگ راج بھٹ سنیچر کے دن نوراتری کے موقع پر دیوی کو پہنانے کے لئے صندوق سے نکالنے گیا تو چوری کا پتہ چلا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جس صندوق میں زیورات محفوظ رکھے گئے تھےاور اس کی چابیاں مندر کے جس پجاری کے پاس تھیں وہ یلاپور کا رہنے والا ستیش بھٹ ہے ۔ چابیوں کے لئے جب اس کو فون پر بلانے کی کوشش کی گئی تو اس سے رابطہ نہیں ہوسکا اس لئے صندوق کا تالا توڑا گیا تو اندر سے زیورات غائب تھے۔ اور اب چابیوں کا گچھا رکھنے والاوہ پجاری بھی لاپتہ ہوگیا ہے۔جس کے بارے میں مندر انتظامیہ نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے۔
پجاری ستیش بھٹ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ یلاپور کے ایڈگوندی نامی علاقے کا رہنے والا کنوارا شخص ہے اور گزشتہ ایک سال سے بھٹکل منڈلّی کے اس مندر میں پجاری کی خدمات پر مامور تھا، اور گزشتہ ایک مہینے سے وہ مندر میں خدمات انجام دینے کے لئے نہیں آرہا تھا۔جمعہ کے دن تک اس کا فون چل رہاتھا اور رابطہ ہورہا تھا مگر سنیچر کے دن سے وہ فون بند ہوگیا ہے۔
سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر اور یگر پولیس عملے نے جائے واردات پر پہنچ کا معائنہ کیا۔بھٹکل دیہی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔چونکہ زیورات غائب ہونے کے معاملے میں ستیش بھٹ کی طرف شک کی سوئی گھوم رہی ہے اس لئے یلاپور پولیس نے اس کو تلاش کرنے کے لئےا یک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد ہی پولیس اس کوتحویل میں لے کر پوچھ تاچھ کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔